نرسمہن کی زندگی کا واحد اچھا کام، میونسپل ایکٹ کی واپسی

   

Ferty9 Clinic

ہنمنت راؤ کا ریمارک، کے ٹی آر کو سالگرہ کے موقع پر حاجی پور کے متاثرین کی امداد کا مطالبہ
حیدرآباد۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے نئے میونسپل ایکٹ کو منظوری کے بغیر ریاستی حکومت کو واپس کرنے پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی ستائش کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ گورنر نرسمہن نے اپنی زندگی میں یہ واحد اچھا کام کیا ہے۔ ان کی زندگی میں اگر کوئی اچھا کام ہو تو اسے بل کی واپسی کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسمہن جتنے دن بھی رہے ، حکومت کا بھجن کرتے رہے لیکن عہدہ سے سبکدوشی کے وقت انہوں نے ایک اچھا کام کیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن نے جب کبھی نمائندگی کی، گورنر نے نظر انداز کردیا ۔ حکومت کے خلاف کوئی قدم اٹھانے سے گریز کرتے رہے۔ اب جبکہ وہ عہدہ سے سبکدوش ہورہے ہیں، میونسپل ایکٹ کی خامیوں کے نشاندہی کرتے ہوئے اسے واپس بھیج دیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت کو دل میں موجود خامیوں کو فوری درست کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ سے مطالبہ کیا کہ اپنی سالگرہ کے موقع پر حاجی پور کے متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر کے حاجی پور میں کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کے سلسلہ میں حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ آج تک متاثرہ خاندانوں کو ایکس گریشیاء ادا نہیں کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کے سی آر کی جانب سے اپنے آبائی موضع کی ترقی کے اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو ریاست کے دیگر علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں اسی طرح دلچسپی لینی چاہئے۔ ہنمنت راؤ نے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حاجی پور کے متاثرین سے ملاقات کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملاقات کا وقت مقرر کیا جائے تو وہ متاثرہ خاندانوں کو دہلی لائیں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں بنیادی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے متحرک ہوچکی ہے ۔ ایسے وقت متاثرہ خاندانوں سے پرینکا گاندھی کی ملاقات سے عوام میں وہ بیان جائے گا کہ کانگریس پارٹی غریبوں اور کمزور طبقات کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ وہ حاجی پور کا دو مرتبہ دورہ کرچکے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10,000روپئے کی امداد کی ہے۔ پولیس کمشنر نے فی کس 20,000 روپئے فر اہم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر یا کسی وزیر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات نہیں کی۔ کے ٹی آر وقفہ وقفہ سے سوشیل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں لیکن انہیں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو تین دن قبل ملاقات کی اطلاع دی جائے تو وہ متاثرہ خاندانوں کو نئی دہلی لائیں گے۔