نرمل اسپتال میں برقی کٹوتی ‘ فون کی روشنی میں علاج

   

حیدرآباد 24جون(یواین آئی)تلنگانہ کے نرمل گورنمنٹ اسپتال میں بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ سے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور ڈاکٹرس سل فونس کی روشنی میں علاج کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ مریضوں نے شکایت کی کہ اتوار کی صبح سے شام تک وقفہ وقفہ سے بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ مریضوں کے رشتہ داروں نے کہا کہ اگرچہ کہ ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والے آئی سی یو اور بچوں کے شعبہ میں انورٹرس کی مدد سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا تاہم جنرل وارڈس اور دیگر شعبہ جات میں بجلی کی سپلائی متاثر ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بتایاجاتا ہے کہ اسپتال میں بجلی کی ضروریات کی تکمیل کے لیے جنریٹر لگایا گیا تھا لیکن وہ ٹھیک سے کام نہیں کر رہا تھا۔ اس واقعہ پر مریضوں کے ساتھ ساتھ مقامی افراد میں برہمی پائی جاتی ہے ۔