پریشان حال عوام چھتوں پر پناہ لینے مجبور، سرکاری مشنری متحرک، حالات پر کے ٹی آر کی نظر
نرمل: مستقر نرمل و اطراف و اکناف کے علاقوں میں دو دن سے موسلادھار بارش نے تباہی مچادی۔ کئی نشیبی علاقہ زیر آب آگئے۔ نرمل ضلع کے تمام تالاب لبریز ہوگئے۔ آج کی بارش سے جو حالات دیکھنے میں آرہے ہیں شائد ہی ایسا تصور شہریوں نے کبھی کیا ہوگا۔ جی این آر کالونی جس میں تمام نو تعمیر شدہ بلڈنگس ہے۔ مکمل کالونی جس میں کوئی پچاس تالاب ہیں پانی میں محصور ہوگئی۔ مکینوں کو مجبوراً چھت پر چڑھ کر اپنی جان بچانی پڑی۔ چھوٹا شہر ہونے کی وجہ کشتیاں دستیاب نہیں تاہم ریاستی وزیر جنگلات جو اس مقام پر صبح سے ہی ٹہر کر تمام اعلی عہدیداروں کو متحرک کردیا۔ سری راما ساگر پراجیکٹ سے مچھیروں کو جو تالاب میں باآسانی پہونچتے ہیں ان کے ذریعہ گھروں سے عوام کو سرک تک لایا جارہا ہے۔ ساتھ ہی یہاں موصولہ اطلاع کے مطابق حیدرآباد سے کشتیاں طلب کرلی گئی ہیں۔ سڑک سے پانی جس کالونی کو محصور کیا ہے وہ کم از کم ایک کیلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ نمائندہ سیاست نے تمام کا معائنہ کیا۔ کافی دور سے پہلی منزل پر عوام کافی پریشان حالات میں دکھائی دے رہے تھے جبکہ کئی لوگ اس منظر کو دیکھتے ہوئے بے یار و مددگار سڑکوں پر ٹہرے رہے۔ صدرنشین بلدیہ جی ایشور، ضلع کلکٹر مسٹر مشرف فاروقی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی صبح سے ہی اس مقام پر پانی میں بھیگتے ہوئے دکھائی دیئے جبکہ نرمل، منچریال چوراستہ بھی جھیل میں تبدیل ہوگیا۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق نرمل ضلع کے کڑم پراجیکٹ اور سورنا پراجکٹ کے فلڈ گیٹس کھول دیئے گئے تاہم اب بھی بارش کا تسلسل جاری ہے۔ کئی ایک علاقہ میں عوام کافی پریشان حال ہے۔ جبکہ حکومت کی جانب سے ہدایات وصول ہونے کے ساتھ ہی تمام سرکاری مشنری متحرک ہے اور نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ نرمل سے بھینسہ سڑک پر شدید پانی کے بہائو کی وجہ ٹریفک میں خلل پڑگیا۔ آج نرمل شہری حدود میں 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید موسلادھار بارش کے سبب تمام تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما رائو نرمل کے حالات پر مسلسل ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی سے ربط میں ہیں اور ضلع کے اعلی عہدیداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کررہے ہیں۔
بارش کی وجہ ہائی وے سڑک جام
کاغذ نگر: ضلع کے بی آصف آباد سے دو کلو میٹر کی دوری پر کریم نگر سے نا گپور جانے والی ہائی وے سڑک پر شدید مسلسل بارش کی وجہ سے پانی آنے پر دونوں بازو ٹریفک جام ہو گئی۔ اس طرح سے تلنگانہ ریاست سے ریاست مہاراشٹرا کہ ناگپور جانے والی ہائی وے سڑک پر پانی اچانک آ جانے سے ٹریفک جام ہو گئی۔ جس کی وجہ سے دونوں ریاست کے عوام کی آمد رفت ٹھپ ہوچکی ہے۔