صفائی انتظامات کیلئے بلدیہ متحرک‘ عہدیداروں کے ہمراہ کلکٹر کا دورہ اور شجرکاری
نرمل۔ آج نرمل کے بلدی وارڈ نمبر 40 میں پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت ضلع کلکٹر نرمل مشرف علی فاروقی، ایڈیشنل کلکٹر ہیمنت بورکاڈے، کمشنر بلدیہ نرمل مسٹر سمپت کمار، صدرنشین بلدیہ نرمل جی ایشور، وارڈ کونسلر مسٹر پوشٹی نے صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں سینئر صحافی سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روزنامہ ’سیاست‘ کے مکان کے روبرو ضلع کلکٹر کے ہمراہ شجرکاری کی۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی نے نمائندہ ’سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹنا پرگتی مہم کے ذریعہ شہر نرمل میں تمام سرکاری عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے شہر ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں میں سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہریانِ نرمل کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی اپنے گھروں کے قریب کچرا جمع نہ ہوتے دیں اور صاف صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ کیونکہ بیماریوں کی روک تھام کے لئے صفائی بہت ضروری ہے۔ آنے والے موسم بارش کے پیش نظر بھی بلدیہ نرمل کی خصوصی ٹیموں کو موریوں کی صفائی کے لئے متحرک کردیا گیا ہے۔ کچرے کی منتقلی کے لئے ہر چھوٹی گلی میں بھی آٹوز کے ذریعہ بلدیہ نرمل کا عملہ کچرا منتقل کرنے میں مصروف ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ ہر گھر میں شجرکاری آج کی اہم ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی آئی اے ایس اور ہیمنت بورکاڈے ایڈیشنل کلکٹر آئی اے ایس، بلدی عہدیداروں کے ہمراہ کئی وارڈس میں پیدل گشت کرتے ہوئے عوام سے تبادلہ خیال کررہے ہیں اور صاف صفائی و ترقیاتی کاموں کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ آنے والے موسم بارش کے پیش نظر ہر وارڈ میں نالیوں کی صفائی اور کچرے کی منتقلی پر بلدی عہدیداروں کو ہدایات دی جارہی ہیں۔