نرمل میں ایک شخص کی موت کے بعد دفتر ایف آر او پر حملہ

   

گاڑی، فرنیچر اور دیگر ساز و سامان کو نقصان، جنگلات کے اسٹاف پر 60 سالہ شخص کو زدوکوب کا الزام

حیدرآباد 5 مئی (پی ٹی آئی) ضلع نرمل میں محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار کے ہاتھوں 60 سالہ شخص کی زدوکوب میں موت پر برہم مقامی دیہاتیوں نے اس دفتر فاریسٹ رینج آفیسر پر حملہ کردیا اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچایا۔ موضع گنڈی گوپال پور میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اس عمر رسیدہ شخص کو جھاڑی میں آگ لگاتا ہوا دیکھ کر تحویل میں لے لیا تھا۔ جنگلات کا یہ علاقہ شیروں کی محفوظ پناہ بھی ہے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اس شخص کو بعدازاں چھوڑ دیا تھا لیکن وہ منگل کو اوٹنور ہاسپٹل میں دوران علاج فوت ہوگیا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں دعویٰ کیاکہ اس شخص کو محکمہ جنگلات کے کسی بھی شخص نے زدوکوب نہیں کیا تھا اور وہ اس کی موت کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ کو خودکشی متصور کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے مطابق اس شخص کو بغرض تحقیقات ادمپور میں واقع ایف آر او کے دفتر لایا گیا تھا۔ عہدیداروں نے کہاکہ ایک سرپنچ کے شوہر اور نائب سرپنچ کی درخواست پر اس شخص کو پیر کے روز بالکل ٹھیک حالت میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ شخصی مچلکہ پر رہائی کے بعد وہ اس کو گاؤں واپس لے گئے تھے۔ منگل کو اس کی موت کے بعد دیہاتیوں کی کثیر تعداد ایف آر او ادمپور رینج پہونچ کر دفتر، وہاں موجود فرنیچر اور گاڑی کو بھاری نقصان پہنچایا ۔