عیدالفطر کے موقع پر ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا اعلان
نرمل : مستقر نرمل ضلع میں عیدگاہ نرمل میں عیدالفطر کی نماز نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ ادا کی گئی ۔ دو سال سے کورونا وائرس نے اس سعادت سے مسلمانوں کو محروم کر رکھا تھا ۔ تاہم اس بار نرمل و اطراف و اکناف کی بڑی تعداد نے عیدگاہ پر نماز ادا کی ۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دینے عیدگاہ قبل از وقت پہونچے ۔ ان کے ہمراہ صدرنشین بلدیہ جی ایشور ، ٹاؤن ٹی آر ایس صدر رامو ، سنٹر ٹی آر ایس قائد مسٹر رام کشن ریڈی کے علاوہ پارٹی کے کئی قائدین موجود تھے ۔ ریاستی وزیر نے وہاں موجودہ دانشوران ملت کو اس بات کی اعلان کرتے ہوئے خوشخبری دی کہ نئے عیدگاہ کی اراضی چنچولی میں الاٹ کردی گئی ہے جو پندرہ ایکر پر مشتمل ہے ۔ نئی عیدگاہ پر مسلمانان نرمل عیدالاضحی کی نماز ادا کرسکیں گے ۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کا نئے عیدگاہ کا اعلان کرنا ہی تھا کہ مسلم نوجوانوں نے فرط مسرت سے انھیں ہاتھوں پر اُٹھالیا اور اے اندر کرن ریڈی زندہ باد کے فلک شگاف نعرہ بلند کئے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ زمین کی منظوری اور دفتری کام مکمل ہوگیا ہے بہت جلد صاف صفائی کا کام شروع کردیا جائے گا اور عیدالاضحی کی نماز مسلمان نئے عیدگاہ پر ادا کریں گے ۔