حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) ضلع عادل آباد کے نرمل میں محکمہ پولیس کی جانب سے ’’شیوانگی‘‘ خصوصی خواتین کمانڈو ٹریننگ یونٹ کا آغاز کیا گیا جس میں خواتین کو 45 روزہ تربیت دی جائے گی جس میں دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے، لائیو فائرنگ، فیلڈ سگنلنگ، میاپریڈنگ، بغاوت و دیگر حکمت عملی کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس پروگرام کو داسری انوسویا سیتکا رورل ڈیولپمنٹ منسٹر نے افتتاح کیا۔ اس پروگرام کو ضلع ایس پی جانکی شرمیلا کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ اس اقدام سے ’’پولیس فورس میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک اہم قدم‘‘ کے طور پر سراہتے ہوئے دوسرے اضلاع میں بھی اسی طرح کے کمانڈر ٹیمیں قائم کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’شیوانگی نہ صرف ہمارے سیکوریٹی کو تقویت دے گی بلکہ ریاست بھر میں خواتین افسران کو بھی متاثر کرے گی۔ ایس پی جانکی شرمیلا نے کہا کہ ’’شیوانگی‘‘ کو ریاست تلنگانہ میں اپنی نوعیت کی پہلی اکائی ہے۔ خواتین بھی اب ہنگامی حالات میں ایمرجنسی کے وقت اپنی ذمہ داری نبھائیں گی۔ نرمل کلکٹر ابھیلاشا ابھینو اور دیگر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔ (ش)