صفائی انتظامات کا جائزہ ، وبائی امراض کو روکنے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ
نرمل۔ ضلع کلکٹر نرمل مشرف فاروقی نے مستقر نرمل کے محلہ شانتی نگر اور گاجل پیٹ میں فیور سروے کیا۔ ان علاقوں کی دونوں کالونیوں میں صاف صفائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقہ کے عوام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں پانی کو جمع ہونے نہ دیں بالخصوص گھر کی چھتوں پر پانی جمع ہونے نہ پائے۔ گھر کے آس پاس بھی صاف صفائی کا خیال رکھیں ۔ بلدیہ کی جانب سے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ نرمل مستقر میں ایک ماہ سے ڈینگو بخار اور وبائی امراض سے عوام کافی پریشان ہیں ۔ ضلع کلکٹر مشرف فاروقی مسلسل متاثرہ محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کررہے ہیں اور عوام سے بھی تعاون کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔دریں اثناء نرمل کے محلہ گلزار مارکٹ وارڈ نمبر 39 میں ضلع کلکٹر نرمل مشرف فاروقی کی ہدایت پر بلدیہ نرمل میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں نے اس علاقہ کے رکن بلدیہ توحید الدین ( رفو ) کے ہمراہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف دواؤں کا چھڑکا ؤ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے صرف اور صرف صاف صفائی پر توجہ مرکوز کریں۔ علاقہ کے رکن بلدیہ مسٹر توحید الدین ہر دن صبح ہی سے اپنے وارڈ میں عوام سے رجوع ہوتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے دیکھے گئے۔ واضح رہے کہ گلزار مارکٹ میں دوبلدی وارڈ ہیں ، ایک پر رکن بلدیہ توحید الدین ( رفو ) اور دوسرے وارڈ پر ان کی اہلیہ رکن بلدیہ ہیں۔
