نرمل کی کمسن ذہین لڑکیوں کو جناب زاہد علی خاں کی مالی امداد

   

معاشی حالت سے کمزور لیکن تعلیمی صلاحیتوں سے پُر طالبات کی ہمت افزائی۔چیرمین کا اظہار ِتشکر

نرمل ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل میں چھٹویں اور ساتویں جماعت کی دو بہنیں جن میں تعلیمی صلاحیت بہت زیادہ ہے، جن کی مالی حالت بہت ہی کمزور ہونے کے باوجود اسکول کے چیرمین بشیر احمد ان کے شاندار مستقبل کو دیکھتے ہوئے اسکول کی فیس میں رعایت کے ساتھ ان کے تعلیمی سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ حیدرآباد میں دفتر روزنامہ سیاست پہنچ کر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کو ان دو بہنوں کی تفصیل بتائی اور ساتویں جماعت کی طالبہ زینب بانو کا ایک ویڈیو دکھایا جس میں وہ انگلش میں بات چیت کررہی ہے ۔یہ ویڈیو جناب زاہد علی خاں دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور زینب بانو کو 10 ہزار روپئے فیس کیلئے اپنی جانب سے مدد کی ۔ آج اُن کی جانب سے وصول ہوئے 10 ہزار روپئے اسکول پہنچ کر سید جلیل ازہر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر سیاست نے زینب بانو کے حوالے کئے اور ان کو تعلیمی سفر میں کسی بھی رکاوٹ کی فکر نہ کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین انیس احمد خاں، محمد زاہد علی موجود تھے۔ ان قائدین نے کہا کہ آج کے اس پرآشوب دور میں دوسروں کے دکھ درد کی شدت کو محسوس کرتے ہوئے بے سہارا لوگوں کی مدد کا جذبہ اللہ اپنے مخصوص بندوں کو عطا کرتا ہے۔ یہ تمام خوبیاں شہر حیدرآباد کی مایہ ناز شخصیت محسن ملت جناب زاہد علی خاں کو اللہ نے دی ہے۔ ہم سینہ ٹھوک کر کہہ سکتے ہیں کہ بے غرض بے لوث خدمات کے ذریعہ ایڈیٹر سیاست نے تعلیمی، سماجی، فلاحی خدمات کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔ یقیناً محبت ڈھونڈنے والوں کو نہیں ملتی۔ محبت باٹنے والوں کو ملا کرتی ہے۔ شبیر احمد نے جناب زاہد علی خاں کے اس اقدام پر اظہار تشکر کیا۔ سید جلیل ازہر اور ان کے ساتھیوں کی پہلی مرتبہ اسکول آمد پر شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔ شبیر احمد نے بھی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جناب زاہد علی خان کی ملت کیلئے جو تڑپ ہے، اس کو تاریخ کبھی بھلا نہیں سکتی۔ بے لوث خدمات کے ذریعہ انہوں نے اخبار سیاست کو ایک تحریک کی شکل دی۔ ان کی صحافتی، تعلیمی خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں۔ ایسا ہی اہم کارنامہ تو یہ ہے کہ ملت فنڈ کے ذریعہ لاوارث نعشوں کی تدفین کا بیڑہ انہوں نے اٹھایا ہے۔ اللہ انہیں صحت اور عمر دے۔ ویسے ہی والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جناب عامر علی خان نے نسل نو کو روزگار سے جوڑنے کیلئے سیاست ہب کے ذریعہ جو قدم اٹھایا ہے، اس کو بھی نئی نسل فراموش نہیں کرسکتی۔