نرمل۔ 21؍جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ’’ڈائیل 100‘‘ کی کافی اہمیت ہے۔ پولیس کی جانب سے کنٹرول روم کو رابطہ پیدا کرنے کے لئے شروع کی گئی اس سہولت سے پولیس نے آج تین افراد کی جان بچانے میں کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے سرورنگر سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان ناگپور جارہا تھا کہ نرمل کے قریب محبوب گھاٹ پر شدید بارش اور کہر کے باعث کار بے قابو ہوکر سڑک کے بازو گھاتی میں گرگئی۔ ’ڈائیل 100‘ کے ذریعہ کنٹرول روم کو اطلاع کے ساتھ ہی نرڈی سی آر بی انسپکٹر گوپی ناتھ ریڈی، سارنگ پور سب انسپکٹر سری کانت نے فوری مقام واقعہ پہنچ کر ان افراد کو بچالیا۔ کار میں سوار رادھا کرشنا، ان کی اہلیہ اور دیگر تین افراد کو بحفاظت نکال کر سرکاری دواخانہ نرمل منتقل کیا جنھیں معمولی زخم آئے تھے۔ نرمل ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا نے بروقت پولیس عہدیداروں کی کارروائی پر ان پولیس آفیسرس کی ستائش کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شدید بارش کے اوقات میں سفر کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔ یہ واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔