چیرمین وقف بورڈ کی ہدایت پر ٹیم روانہ ، کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کا تعاون
حیدرآباد۔30۔مئی (سیاست نیوز) ریاستی وقف بور ڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں اور قبرستانوں کے تحفظ کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی غفلت نہیں ہونی چاہئے اور نہ ہی اوقافی جائیدادوں پر قبضہ کی شکایات موصول ہونے پر خاموشی اختیار کی جائے گی ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے ضلع جنگاؤں کے موضع ویلدنڈا میں موجود قبرستان میں موجود قبروں کو منہدم کرتے ہوئے قبضہ کی کوشش کی شکایت پر فوری کاروائی کرتے ہوئے حیدرآباد سے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کرتے ہوئے قبرستان کی 21 گنٹے اراضی کے تحفظ کے اقدامات کئے ۔ بعدازاں انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر اوقافی اراضیات پر قبضہ کی صورت میں فوری کاروائی کی جائے گی اور متعلقہ ضلع کلکٹر وعہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے جائیدادوں کی حد بندی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جنگاؤں کے منڈل نرمٹہ میں واقع قبرستان جو کہ درج اوقاف ہے اس پر کی جانے والی قبضہ کی کوشش کے متعلق جنگاؤں جامع مسجد کے صدر مسیح الرحمن ذاکر نے ریاستی وقف بورڈ میں شکایت درج کروائی تھی جس پر صدرنشین نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر و سابق چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جناب عبدالحمید سے رابطہ کرتے ہوئے قبرستان کے تحفظ کے لئے اقدامات کی خواہش کی جس پر انہوں نے فوری متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر ریاض پاشاہ و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ قبرستان پہنچ کرحد بندی کے اقدامات کئے اور قبرستان کی اراضی کو محفوظ کردیا۔ مقامی عہدیدارو ںنے بتایا کہ جن قبور کو نقصان پہنچایا گیا ان کی دوبارہ تعمیر کے علاوہ قبضہ کی کوشش کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ضلع سنگاریڈی میں شاہراہ پر موجود انتہائی قیمتی اوقافی اراضی پر قبضہ کی کوشش اور تعمیرات کا سلسلہ جاری تھا جس کی شکایت موصول ہوتے ہی پولیس کی نگرانی میں اس قبضہ کو برخواست کرواتے ہوئے ناجائز کی گئی تعمیرات کو منہدم کردیا گیاتھا۔ انہو ںنے بتایا کہ جنگاؤں میں موجود اس قبرستان کی اراضی پر قبضہ کی شکایت موصول ہوتے ہی حیدرآباد سے وقف ٹاسک فورس کی ٹیم کو روانہ کیا گیا اور انہیں اس بات کی ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی موجودگی میں اراضی کا سروے کرتے ہوئے اس کی حدبندی کو یقینی بنائیں ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ کلکٹر ضلع جنگاؤں مسٹر سی ایچ شیولنگیا نے بھی قبرستان پر ہونے والے قبضہ کو رکوانے اور قبرستان کی حد بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کو موصول ہونے والی شکایات میں اوقافی جائیدادوں پر ہونے والے قبضہ کی شکایات پرفوری کاروائی کی جائے گی اور قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور فوجداری مقدمات کے اندراج کے سلسلہ میں ماہرین قانون کی مدد لیتے ہوئے کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔م