نرگس محمدی کو 8 سال قید اور 70 کوڑوں کی سزا

   

تہران : ایران کی ایک عدالت نے ملک کی نامور انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو آٹھ سال قید اور 70سے زیادہ کوڑوں کی سزا سنائی ہے ۔نرگس محمدی کے شوہر نے حال ہی میں بتایا کہ ایرانی عدالت نے ان کی اہلیہ نرگس محمدی کو نئی سزا سنائی ہے ۔فرانس میں مقیم نرگس محمدی کے شوہر تقی رحمانی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ سزا صرف پانچ منٹ تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد سنائی گئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر اس مقدمے اور نئے فیصلے کی تفصیلات ہمارے لیے واضح نہیں ہیں۔تقی رحمانی نے اس بارے میں بتایا کہ چونکہ نرگس محمدی کو فون کال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اس لیے وہ سزا کی تصدیق نہیں کر سکے ، لیکن انہوں نے سُنا ہے کہ سزا دیگر قیدیوں کو ٹیلی فون کے ذریعے بتائی جا رہی ہے ۔تقی رحمانی کے مطابق اگر یہ خبر درست ہے تو یہ سزا 30 ماہ کی قید اور 80 کوڑوں کی سزا کے علاوہ ہے جو نرگس محمدی کو گزشتہ برس جون میں سُنائی گئی تھی۔نرگس محمدی کو سیکیورٹی فورسز نے 16 نومبر کو ابراہیم کتبدار کی یادگاری تقریب کے دوران گرفتار کیا تھا، جو دو سال قبل نومبر کے احتجاج کے متاثرین میں سے ایک تھے ۔