نریندرمودی کے منی پور دورہ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا: کانگریس

   

نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ گزشتہ تقریباً ڈھائی سال سے تشدد کی آگ میں جلتی ہوئی ریاست منی پور کے دورے پر اگر وزیر اعظم نریندر مودی واقعی صرف چند گھنٹوں کے لیے جا رہے ہیں، تو یہ بے معنی ہے اور اس سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا ہے ۔ کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر کہا کہ مسٹر نریندر مودی 13 ستمبر کو منی پور جا رہے ہیں اور ان کا یہ دورہ صرف تین گھنٹے کا بتایا جا رہا ہے اور اتنا کم وقت کا دورہ تقریبا ڈھائی سال سے تشدد کی آگ میں جلتے ہوئے منی پور کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کافی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا، “وزیر اعظم کے 13 ستمبر کو منی پور کے مجوزہ دورے کا حامیوں کی طرف سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ ریاست میں تقریباً تین گھنٹے گزاریں گے – ہاں، صرف تین گھنٹے ۔ وہ اس عجلت کے دورے سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ دراصل 29 طویل اور تکلیف دہ مہینوں سے ان کا انتظار کرنے والے ریاست کے لوگوں کی توہین ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر مسٹر نریندر مودی اتنے مختصر وقت کے لئے منی پور کا دورہ کر رہے ہیں تو 13 ستمبر کے اس دورے سے وزیر اعظم دراصل منی پور کے لوگوں کے تئیں اپنی بے حسی اور مایوسی ظاہر کریں گے ۔