بی جے پی اور بی جے ڈی انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ، کانگریس نے تین ریاستوں میں اقتدار پر دو دن میں قرض معاف کیا : راہول گاندھی
بھوانی پٹنہ ۔6 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور اُڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائیک پر قبائیلی اراضیات چھین لینے کا الزام عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی قبائیلی طبقہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کریگی ۔ راہول گاندھی نے بھوانی پٹنہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بی جے پی زیرقیادت حکومت اور اُڈیشہ میں بی جے ڈی زیرقیادت حکومت دلتوں ، قبائیلیوں ، کسانوں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو قبائیلیوں کی اراضیات کا تحفظ کرسکتی ہے ۔ہم اُڈیشہ اور دیگر تمام مقامات پر قبائیلیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ‘‘ ۔ 10 دن کے دوران راہول گاندھی کا یہ دوسرا دورۂ اُڈیشہ ہے جہاں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات بیک وقت منعقد ہوں گے ۔ انھوں نے 25 جنوری کو بھوبنیشور میں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا ۔ بی جے پی اور بی جے ڈی کی سخت مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ یہ دونوں جماعتیں کسانوں اور غریب عوام کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے دوست صنعتکاروں کے فائدہ کے لئے کام کررہی ہیں۔ بی جے پی حکومت اپنے وعدوں کے باوجود کسانوں کو ان کی مصیبتوں سے نجات دلانے کے لئے پیدوار پر مناسب قیمت خرید دینے میں ناکام ہوگئی۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی چیف منسٹر بیجو پٹنائیک اُڈیشہ میں کسانوں کو فائدہ پہونچانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ کانگریس کے صدر نے کہاکہ چھتیس گڑھ ،
مدھیہ پردیش اور راجستھان میں ان کی پارٹی نے اپنی حکومت کے قیام کے اندرون دو دن کسانوں کے قرضوں کو معاف کردیا ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی چیف منسٹر بیجو پٹنائیک اُڈیشہ میں کسانوں کو فائدہ پہونچانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ کانگریس کے صدر نے کہاکہ چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں ان کی پارٹی نے اپنی حکومت کے قیام کے اندرون دو دن کسانوں کے قرضوں کو معاف کردیا ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ چوکیدار ( وزیراعظم) خود رشوت خور بن گئے ہیں۔ نوین پٹنائیک پر الزام عائد کیا کہ چٹ فنڈ اسکامس کے سبب وہ بھی ریموٹ کنٹرول کے تابع ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ صنعتی پراجکٹوں کے قیام میں ناکامی کی صورت میں صنعتوں کے قیام کیلئے حاصل کردہ اراضیات دوبارہ کسانوں کو واپس کردی جائیں گی ۔ محصولہ اراضیات کی واپسی کے ضمن میں چھتیس گڑھ میں پہلے ہی کام شروع ہوچکا ہے ۔
ایرانڈیا کے چیرمین کھرولا معتمد شہری ہوابازی مقرر
نئی دہلی ۔6 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایرانڈیا کے سربراہ پردیپ کشور کھرولا کو اعلیٰ افسران کے ردوبدل کے معمولی عمل کے ایک حصہ کے طورپر معتمد شہری ہوابازی مقرر کیا گیا ہے ۔ کرناٹک کیڈر کے 1985 ء بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس افسر کھرولا نومبر 2017 ء میں ایرانڈیا لمیٹیڈ کے چیرمین و مینجنگ ڈائرکٹر مقرر کئے گئے تھے ۔
’’مودی جملہ راجہ اور ان کی حکومت چوپٹ راج ‘‘
نوجوان روزگار، کسان قیمتوں اور محنتی عزت سے محروم : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔6 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بیروزگاری اور کسان بحران جیسے مسائل پر حکومت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’جملہ راجہ ‘‘ اور ان کی حکومت کو ’’چوپٹ راج ‘‘ قرار دیا۔ وزیراعظم پر طنز کے لئے ٹوئیٹر کا سہارا لیتے ہوئے انھوں نے اُترپردیش میں بیروزگاری کی صورتحال سے متعلق ایک میڈیا رپورٹ کو منسلک کیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے نوجوان بھی درجہ چہارم کی نوکریوں کے لئے درخواستیں داخل کرہے ہیں ۔ کانگریس کے صدر نے ہندی میں ٹوئیٹ کیا کہ ’’جملہ راجہ چوپٹ راج میں کسانوں کو صحیح قیمتیں نہیں مل رہی ہیں ۔ نوجوانوں کو صحیح روزگار نہیں مل رہے ہیں۔ کسی بھی محنتی شخص کو عزت نہیں مل رہی ہے ‘‘ ۔ راہول گاندھی بالخصوص بیروزگاری کے مسئلہ پر وزیراعظم کے کٹر ناقد رہے ہیں اور اکثر ان پر اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ جس میں انھوں (مودی ) نے کہا تھا کہ اقتدار پر فائز ہونے کی صورت میں سالانہ دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ۔