نریندر مودی حکومت پر مخالف دستور اقدامات کا الزام

   

سبھاش چندر بوس جینتی تقاریب، اتم کمار ریڈی، آر سی کنتیا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی حکومت نے دستور کا احترام ملحوظ نہیں رکھا اور گزشتہ 5 برسوں میں دستور کے خلاف کئی قوانین وضع کئے گئے اور مخالف عوام فیصلے کئے گئے۔ اتم کمار ریڈی آج گاندھی بھون میں سبھاش چندر بوس کی جینتی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر اے آئی سی سی کے سابق صدر اور مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس کی جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا ، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، نائب صدرنشین آل انڈیا کسان کانگریس ایم کودنڈا ریڈی کے علاوہ ضلع کانگریس صدور اور سینئر قائدین نے سبھاش چندر بوس کی تصویر پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ بی جے پی سبھاش چندر بوس کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ جدوجہد آزادی میں اُن کا رول اور قربانی ناقابل فراموش ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کے سی آر ڈکٹیٹرشپ کی طرح حکومت چلارہے ہیں اور اُنھیں جمہوریت سے کوئی مطلب نہیں۔ سبھاش چندر بوس کی خدمات پر سمینار منعقد ہوا جس میں سماجی جہد کار جے بی راجو اور جرنلسٹ سی ایچ وی ستیہ نارائنا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ جے بی راجو نے کہاکہ ملک بھر میں دستور کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت مخالف دستور اقدامات پر کاربند ہے۔ دستور میں عوام کو دیئے گئے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی مرکز میں ہندوتوا ایجنڈہ کے ساتھ کام کررہی ہے اور عوامی مسائل سے زیادہ اپنے ایجنڈہ کو ترجیح دی گئی۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے جو دستور وضع کیا تھا اُسے فراموش کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور بیروزگاری کی شرح میں گزشتہ 45 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ اُنھوں نے پیش قیاسی کی کہ مستقبل میں کانگریس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ اتم کمار ریڈی نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو اور سردار پٹیل کی خدمات کو کمتر دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی عوام کے ساتھ ہے اور مسائل پر جدوجہد کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں مرکز اور ریاست میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔