نریندر مودی حکومت کے خلاف این ایس یو آئی کا دھرنا

   

روزگار کی فراہمی میں ناکامی کا الزام، صدر تنظیم بی وینکٹ کی تقریر
حیدرآباد ۔ 6۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف دھرنا چوک اندرا پارک پر احتجاج منظم کیا گیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ڈھائی کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اعلان پر عمل آوری میں ناکامی کے سبب یہ دھرنا منظم کیا گیا۔ نریندر مودی کی جانب سے نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے سبب ملک بھر میں نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔ این ایس یو آئی نے ملک گیر سطح پر نوجوانوں میں شعور بیداری کی مہم شروع کی ہے۔ دھرنا میں مختلف کالجس اور یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ انہوں نے مودی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور وعدوں پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ صدر ریاستی این ایس یو آئی بی وینکٹ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ مختلف وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا گیا لیکن اقتدار ملتے ہی وعدے فراموش کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار سے محرومی کے سبب ملک بھر میں نوجوان مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے مرکز میں برسر اقتدار آتے ہی نوجوانوں کے ساتھ انصاف ہوگا۔ کانگریس پارٹی روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ این ایس یو آئی کے کارکنوں نے جوتوں کی پالش کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو صنعتی گھرانوں اور سرمایہ داروں کی فکر ہے۔ انہیں عام آدمی اور نوجوانوں کی بھلائی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ این ایس یو آئی مرکزی حکومت کے خلاف اپنے احتجاجی پروگرام ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی جاری رکھے گی۔