مودی کا علامتی پتلا نذر آتش، خواتین کے 33 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی مانگ
حیدرآباد 23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس نے ملک بھر میں خواتین کے 33 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ صدر ریاستی مہیلا کانگریس ایم سنیتا راؤ کی قیادت میں ضلع مہیلا کانگریس صدور اور ریاستی قائدین نے کارکنوں کی کثیر تعداد کے ساتھ بی جے پی آفس کے گھیراؤ کا منصوبہ بنایا تھا۔ پولیس نے مہیلا کانگریس قائدین کو بی جے پی آفس کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جس پر گاندھی بھون کے باہر دھرنا منظم کیا گیا۔ سرخ لباس میں ملبوس مہیلا قائدین نے خواتین تحفظات بل کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے مرکز میں برسر اقتدار رہتے ہوئے خواتین کو 33 فیصد تحفظات کا بِل منظور کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی حکومت کو قانون ساز اداروں میں خواتین کو 33 فیصد نمائندگی دینے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ملک میں خواتین پر مظالم کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے خواتین پر مظالم کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے بجائے اُن کی پشت پناہی کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت خواتین کے تحفظ اور اُنھیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے معاملہ میں صرف بلند بانگ دعوے کررہی ہے جبکہ ملک میں خواتین کی حالت دن بہ دن ابتر ہورہی ہے۔ مہیلا کانگریس نے انتباہ دیا کہ اگر نریندر مودی حکومت فوری کارروائی نہیں کرے گی تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع واری سطح پر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا۔ 1