حیدرآباد تا بنگلور اور وجئے واڑہ تا چینائی نئی سرویس، آن لائن تقاریب کا انعقاد
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 24 ستمبرکو ویڈیو لنک کے ذریعہ کاچی گوڑہ تایشونت پور اور وجئے واڑہ تا چینائی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ وزیر اعظم ملک بھر میں 9 وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح کریں گے جن میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت دو سرویسیس ہیں۔ مرکزی وزیر ریلویز اشونی ویشنو، مرکزی مملکتی وزیر ریلویز راؤ صاحب دادا راؤ پاٹل اور مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ ریلویز شریمتی درشنا وکرم جردوش افتتاحی پروگرام میں آن لائن شرکت کریں گے۔ اس موقع پر کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن میں پروگرام ہوگا جس میں گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن، چیف منسٹر کے سی آر، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی شرکت متوقع ہے۔ وجئے واڑہ ریلوے اسٹیشن پر بھی پروگرام ہوگا جس میں گورنر آندھرا پردیش جسٹس عبدالنذیر اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی شریک ہونگے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مطابق تلنگانہ میں یہ تیسری وندے بھارت ٹرین ہوگی۔ پہلی ٹرین تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کو جوڑتی ہے۔ حیدرآباد تا بنگلور وندے بھارت ٹرین کاچی گوڑہ اور یشونت پور کے درمیان براہ محبوب نگر، کرنول، اننت پور اور دھرماورم چلائی جائیگی۔ ٹرین میں ایک ایگزیکیٹو کلاس اور 7 چیر کار کوچس رہیں گے۔ مسافرین کی گنجائش 530 ہوگی۔ دونوں شہروں کے درمیان یہ پہلی ٹرین ہے جو کم وقت میں مسافت طئے کریگی۔ وجئے واڑہ تا چینائی سنٹرل وندے بھارت ٹرین براہ اونگول، نیلور اور رینی گنٹہ چلائی جائے گی۔ ٹرین کے مسافرین کی گنجائش 530 رہے گی۔ چینائی اور وجئے واڑہ کے درمیان یہ پہلی تیز رفتار ٹرین ہوگی۔