نریندر مودی کو صرف اڈانی اور امبانی کی فکر

   

راہول گاندھی کا سرور نگر میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج شام سرور نگر اسٹیڈیم میں کانگریس کے بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو چوکنا کیا کہ ملک میں بی جے پی برسر اقتدار آنے پر دستور ختم کردیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ دستور کے تحفظ کی ذمہ داری ہر شہری پر عائد ہوتی ہے ۔ ہندوستانی دستور محض ایک کتاب نہیں ہے بلکہ غریبوں کیلئے ایک طاقت ہے۔ کمزور طبقات کو تحفظات دستور کے ذریعہ حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دستور ہند نے غریبوں کو حقوق اور اختیارات دیئے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی غریبوں کے بجائے اڈانی اور امبانی کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ انہیں صرف 22 بڑے صنعت کاروں کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریب خاندانوں کی فہرست تیار کی جائے گی اور ہر خاندان سے سالانہ ایک خاتون کو ایک لاکھ روپئے امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں سے نریندر مودی غریبوں کا پیشہ دولتمندوں میں تقسیم کر رہے ہیں ۔ کانگریس دولتمندوں کو دی جانے والی رقم غریبوں میں تقسیم کرے گی ۔ راہول گاندھی نے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کا تیقن دیا۔ 1