راجندر نگر میں کانگریس ریالی سے گیانیشور مدیراج کا خطاب
حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے ایک سال کی تکمیل پر راجندر نگر میں کانگریس پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریالی نکالی گئی۔ کانگریس جنرل سکریٹری بی گیانیشور مدیراج نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کا مقصد ملک کی عوام کو ایک کرنا تھا جس کے لئے راہول گاندھی نے ایک سال قبل بھارت جوڑو یاترا شروع کی تھی جس میں انہیں کامیابی بھی حاصل ہوئی۔ کنیا کماری تا کشمیر پیدل سفر 145 دن میں تکمیل کیا گیا۔ بی جے پی ایک فرقہ پرست جماعت ہے اس نے ثابت بھی کردیا جبکہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کو جوڑنے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد سے مہنگائی میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے اور اب عوام بھی بی جے پی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں۔ 2024 میں کانگریس ریاست اور مرکز میں اقتدار حاصل کرے گی ، عوامی مسائل حل ہوں گے اور مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر گڈم شیکھر یادو کانگریس منڈل صدر، سنجے یادو میونسپل صدر، فخر الدین میناریٹی سیل صدر، محمد شمس الدین، محمد نظیر الدین، میلارم سلوچنا، راملو نائیک کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔