نریندر مودی کے نام سے ہی کے سی آر کو بخار آگیا : بنڈی سنجے

   

عدم مساوات کی شکایت کرنے والے 7 برس سے خاموش کیوں رہے

حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے ریمارک کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد کی اطلاع کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے سی آر کو بخار آگیا۔ میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کی غیر حاضری پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ مساوات کی بات کرنے والے کے سی آر نے گزشتہ 7 برسوں میں وزیر اعظم سے اس بارے میں بات چیت کیوں نہیںکی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں کبھی بھی کے سی آر نے تلنگانہ کے ساتھ عدم مساوات کی شکایت نہیں کی تھی اب اچانک عدم مساوات کی شکایت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی پروگرام ہی سہی لیکن ریاست کو وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر استقبال کرنا چیف منسٹر کے سی آر کی ذمہ داری ہے یا نہیں اس بارے میں چیف منسٹر کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ریاست کو آمد کی اطلاع ملتے ہی کے سی آر بخار میں مبتلاء ہوگئے۔ بنڈی سنجے نے پارٹی کے سرکردہ قائدین کے ہمراہ حیدرآباد کے پرساد آئی میکس کے قریب اراضی پر امبیڈکر کے 125 فیٹ بلند مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے 2016 میں مجسمہ کی تنصیب کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک کام مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کیلئے مزید پانچ سال لگ سکتے ہیں۔ بنڈی سنجے نے برہمی کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے آج تک امبیڈکر مجسمہ کے کاموں کا شخصی طور پر جائزہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے کے سی آر بی جے پی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کے سی آر نے دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی ناراضگی دور کرنے کیلئے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا لیکن استفادہ کنندگان کو رقومات جاری نہیں کی گئیں۔ر