شمس آباد میں انتخابی ریالی سے امیت شاہ کا خطاب
حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کہاکہ صرف وزیراعظم نریندر مودی ہی مرکز میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت دے سکتے ہیں۔ شمس آباد میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پیر کو جاری کیا گیا بی جے پی کا انتخابی منشور ملک کو شاندار ترقی دینے کے ایک دستاویز کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ مودی حکومت نے جو سب سے بڑا کام کیا ہے وہ قومی سلامتی سے متعلق ہے۔ شاہ نے یہ بھی جاننا چاہا کہ آیا ’’تکڑا ۔ تکڑا گینگ، اور ’’راہول بابا اینڈ کمپنی‘‘ ملک کو ایک مستحکم قیادت دے سکتی ہے۔ امیت شاہ نے آج اس بات کا دعویٰ کیاکہ عوام نے پھر نریندر مودی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران مودی حکومت نے ملک کے امیج میں اضافہ کیا ہے اور اس کا بڑا کارنامہ ملک کو محفوظ اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ بی جے پی صدر نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے فیڈرل فرنٹ بنانے کے سلسلہ میں کی جارہی کاوشوں کا بھی تذکرہ کیا اور عوام سے کہاکہ آپ مجھے بتائیں کہ کیا کے سی آر کس طرح وزیراعظم بن سکتے ہیں؟ امیت شاہ نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) بھی کانگریس کی طرح ایک خاندانی حکمرانی کی پارٹی ہے اور دعویٰ کیاکہ صرف بی جے پی ہی ملک کی ترقی اور اسے مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے کام کرسکتی ہے۔