واشنگٹن۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) نسلی امتیاز اور پولیس کی جانب سے تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے امریکی کانگریس میں کل پیر کے روز ایک بل پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹس اور کانگریس کے سیاہ فام ارکان کی جانب سے تیار کردہ مسودہ قانون میں پولیس کے دائرہ اختیار اور طرز عمل کے بارے میں تجاویز شامل ہیں جب کہ رنگ و نسل کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی رویہ اپنانے پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے غلط رویے کی شکایات کا قومی سطح پر ایک ڈیٹا بیس رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں تمام پولیس اہلکاروں کے لیے اپنے یونیفارم پر کیمرے نصب کرنا بھی لازم ہو گا۔