نسیم شاہ انڈر 19 ورلڈکپ کی ٹیم سے باہر

   

کراچی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے اسکواڈ سے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا نام واپس لے لیا ہے۔ یاد رہے کہ محمد نسیم کو انڈر19 ورلڈ کپ کا حصہ بنانے پر پاکستان جویئر اور سینئر سلیکشن کمیٹی کے درمیان چند ہفتوں سے بحث جاری تھی۔جونیئر سلیکشن کمیٹی ورلڈکپ میں اسکواڈ کو مضبوط بنانے کے لیے نسیم شاہ کو ساتھ لے جانے کا خواہاں تھی لیکن سینئر سلیکشن کمیٹی ورک لوڈ مینجمنٹ کے سبب نسیم شاہ کو احتیاط سے استعمال کرنے کی خواہاں ہے۔ تاہم ایونٹ کے آغاز سے چند دن قبل بالآخر دونوں سلیکشن کمیٹیوں کے درمیان نسیم شاہ کو انڈر19 ورلڈ کپ میں نہ بھیجنے پر اتفاق ہو گیا۔ سلیم جعفر کی سربراہی میں کام کرنے والی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم جونیئرکو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ اس سے قبل محمد وسیم جونیئر انڈر 91 ایشیا کپ اور دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جہاں فاسٹ بولر نے دونوں ایونٹس میں فی کس 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دورہ سری لنکا میں محمد وسیم جونیئر نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور انٹرنیشنل کرکٹ میں جگہ بنانے کا ایک شاندار موقع ہے جس کی بہترین مثال نسیم شاہ ہیں۔ پاکستانی انڈر 19 ٹیم اس سے قبل 2004 میں بنگلہ دیش اور 2006 میں سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ 17جنوری سے 9 فروری تک جاری رہنے والے آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی اور فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔