لاہور۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پی ایس ایل 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی نمائندگی کرنے والے نوعمر فاسٹ بولر نسیم شاہ تینوں طرزکی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے خواہاں ہیں ۔ نسیم نے کہا ہے کہ وہ چار ٹسٹ میچز کھیل چکے ہیں تاہم ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کی جانب سے ونڈے اورٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے دوران زخم میں مبتلا ہونے کے باعث نسیم شاہ پی ایس ایل کے ابتدائی دو میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے لیکن مکمل فٹنس کی بحالی کے بعد انہوں نے دوبارہ میدان میں قدم رکھ دیا ہے اور ان کی فرنچائز کے کپتان سرفراز احمد بھی ان کی بھرپور رفتار پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ نسیم شاہ نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل کر بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں اور یہ بات باعث فخر ہے کہ انہیں پاکستانی میدانوں پر اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ 17 سالہ فاسٹ بولرنے کہا کہ فی الحال ان کی تمام تر توجہ اپنی فٹنس پر مرکوز ہے۔