نسیم شاہ دورہ انگلینڈ پر یادگار کارکردگی کے خواہاں

   

Ferty9 Clinic

لندن ۔ پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ انگلینڈ کے دورے میں سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے یہ ابھی سے طے ہے۔ہر کوئی انھیں انگلینڈ کے میدانوں میں تیز دوڑتے ہوئے حریف بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑاتا دیکھنا چاہتا ہے بالکل اسی طرح جیسے وہ پہلی بار پاکستانی ٹیم میں منتخب ہوکر آسٹریلیا گئے تھے۔ وہاں ہرکوئی یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ اس نوجوان بولر میں آخر ایسی کیا خوبی ہے کہ اسے اتنی کم عمری میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے والدہ کے انتقال کی وجہ سے وہ سخت ذہنی دباؤ میں برسبین ٹسٹ کھیلے تھے لیکن اس کے بعد انھوں نے دو موقعوں پر یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سری لنکا کے خلاف وہ ٹسٹ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر فاسٹ بولر بنے اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے۔ نسیم شاہ انگلینڈ کے دورے میں ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرجوش ہیں جو ان سے وابستہ کی جارہی ہیں۔نسیم نے کہا ہے کہ یہ میرا انگلینڈ کا پہلا دورہ ہے۔ میں ابھی سیکھ رہا ہوں اور میری نظریں انگلینڈ ویسٹ انڈیز کی سیریز پر ہیں۔اس سے بہت کچھ سمجھنے کا موقع ملے گا کہ بولرز کس طرح نئے قوانین کے مطابق بولنگ کررہے ہیں۔نسیم شاہ میں سب سے بڑی خوبی ان کا بھرپور اعتماد ہے جو ان کی بولنگ کے ساتھ ساتھ ان کی گفتگو میں بھی جھلکتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انگلینڈ کے بیٹسمین آپ کو چھوٹا بچہ تو نہیں سمجھیں گے؟ انھوں نے جھٹ سے کہا یہ تو میرے لیے بہت اچھا ہو گاکہ وہ مجھے چھوٹا بچہ سمجھیں۔ اگر وہ ایسا سمجھیں گے تو یہ انھی کا نقصان ہوگا۔انھوں نے کہا کہ میں عمر کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا میں اپنی بولنگ کے بارے میں زیادہ سوچتا ہوں اورمیری کوشش ہو گی کہ انگلینڈ کے اس دورے میں اچھی بولنگ کروں۔ میرے سامنے محمد عباس کی انگلینڈ میں مظاہرہ ہے جسے دیکھ کر میرا دل بھی کہتا ہے کہ میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھاؤں اسی طرح شاہین آفریدی نے جس طرح ورلڈکپ میں بولنگ کی تھی میں اسی طرح کی بولنگ کرنا چاہتا ہوں۔ نسیم شاہ نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ان کی بہت اچھی ہم آہنگی ہے۔ ہم دونوں انڈر19کرکٹ کھیلے ہیں وہ مجھ سے ایک سال سینیئر ہیں۔ ہم نہ صرف میچ میں بلکہ نیٹ پریکٹس میں بھی ایک دوسرے کو مشورے دیتے رہتے ہیں۔