برسبین ۔21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرئیرکا آغاز کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ سے قبل 16 سالہ نسیم شاہ کو ٹسٹ کیپ پہنائی، اس موقع پر نوجوان فاسٹ بولر کی آنکھیں نم ہوگئی تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ہوگیا اور انہوں نے اپنا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تدفین میں شرکت نہیں کی تھی۔ پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں 16 سالہ نسیم شاہ کو حتمی الیون میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی نے کہا ہم حتمی ٹیم کا اعلان صبح کریں گے لیکن نسیم شاہ اس ٹیم کا حصہ ہوں گے کیونکہ وہ بہترین بولنگ کررہے ہیں۔ اظہرعلی نے کہا کہ اس معیار تک ہرکھلاڑی اتنی جلدی نہیں پہنچ سکتا لیکن چند ایسے ہوتے ہیں جو اس قدر باصلاحیت ہوتے ہیں اور وہ ان میں سے ایک ہے۔ ہم سب ان کے کامیاب کیریئر کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا میں ٹسٹ کرکٹ میں کرئیر کا آغازکرنے والے کم عمر کھلاڑی کا ریکارڈ آئن کریگ کے پاس تھا جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 1953 میں میلبورن کرکٹ گراونڈ میں 17 برس کی عمر میں قائم کیا تھا۔