پرتھ ۔22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹسٹ میچ سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اپنی تیز بولنگ سے سب کو گرویدہ بنا لیا۔ برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 16سالہ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کرئیر کا آغاز کیا۔ نسیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے مچل اسٹارک کو ہیٹ ٹرک سے محروم کردیا۔ نسیم شاہ جب انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی گیند کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تو مچل اسٹارک پاکستان کے یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار دوگیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن نسیم نے یہ گیند روک کر اسٹارک کو ہیٹ ٹرک کے اعزاز سے محروم کردیا۔ بعدازاں بولنگ کا موقع آیا تو اس میں بھی نسیم شاہ نے دنیا کو اپنی قابلیت کے جوہر دکھانے کا موقع نہیں گنوایا۔ کپتان اظہر علی اننگز کے ساتویں اوور کے لئے نسیم شاہ کو بولنگ کے لیے طلب کیا اور ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی ہی گیند90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کری۔ اس کے بعد انہوں نے اس اوور کی تمام ہی گیندیں 90میل فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے کرائیں اور آسٹریلیائی بیٹسمینوں کو خصوصاً جو برنزکو پریشان کیا۔ نسیم نے کئی مواقع پر 147 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی اور بالآخر 13ویں اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے میچ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز حاصل کر لیا جو 148.1کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی تھی۔ میچ کے دوران نسیم شاہ اس وقت بدسقمت ثابت ہوئے جب انہوں نے ڈیوڈ وارنرکو56کے انفرادی اسکور پر آؤٹ توکردیا لیکن اس وکٹ کا جشن منانے کے باوجود وہ پہلی انٹرنیشنل وکٹ کا اعزاز ابھی تک اپنے نام نہیں کر سکے کیونکہ وہ گیند نوبال تھی۔