نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ،نوجوان فاسٹ بولر کو بڑا صدمہ

   

سڈنی ۔12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )ایک کھلاڑی جو بھرپور جوش کے ساتھ میچ کھیل رہا ہو، وہ صرف 16 سال کا ہو اور پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے دورے کے لئے اپنی نیشنل ٹیم میں منتخب کیا گیا ہو لیکن اسی دوران اسے خبر ملے کہ اس کی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہیں تو سوچئے اس کے دل پر کیا گزرے گی؟ کچھ ایسا ہی ہوا ہے پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ساتھ جو اس وقت آسٹریلیا دورے پر ٹور میچ کھیل رہے ہیں۔ نسیم شاہ کی ماں کا انتقال ہو گیا۔ موت کی وجوہات کا ابھی انکشاف نہیں ہوا ہے لیکن اس خبر سے یہ نوجوان فاسٹ بولر ٹوٹ ضرورگیا ہوگا۔ یادرہے کہ نسیم شاہ محض 16 سال کے ہیں اور وہ اپنی تیز رفتار بولنگ کے لئے جانے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اتنی کم عمر میں انہیں پاکستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا اور آسٹریلیا دورے کی ٹیم میں انہیں جگہ دی گئی ہے۔ نسیم شاہ کی ماں کے انتقال کی خبر کے بعد پاکستانی ٹیم آسٹریلیا اے کے خلاف ہاتھوں میں کالی پٹی باندھ کر میدان پر اتری۔ یہی نہیں، کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے نسیم کی ماں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اے کے کھلاڑی بھی کالی پٹی باندھ کر میدان میں اترے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق نسیم شاہ آسٹریلیا دورہ بیچ میں چھوڑ کر پاکستان لوٹنے والے ہیں۔ بتایا جا رہا تھا کہ نسیم شاہ 21 نومبر کو شروع ہو رہی ٹسٹ سیریز میں اپنے کرئیر کے پہلے مقابلے میں شرکت کرنے والے تھے لیکن اس سے پہلے ہی ان پر دکھوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ حالانکہ ابھی یہ صاف نہیں ہے کہ اپنی ماں کی تدفین کے بعد نسیم واپس آسٹریلیا لوٹیں گے یا نہیں۔