’نشانِ انقلاب‘ پلازہ کا افتتاح

   

موہالی: پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے چہارشنبہ کو یہاں ایئرپورٹ روڈ پر 5 کروڑ روپے کے ’نشانِ انقلاب‘ پلازہ کا عوام کے لیے افتتاح کیا، جہاں شہید بھگت سنگھ کا 30 فٹ اونچا کانسے کا مجسمہ نصب ہے ۔ مان نے کہا کہ ’نشانِ انقلاب‘ پلازہ نوجوانوں کو شہید اعظم بھگت سنگھ کی زندگی اور فلسفے کو پھیلا کر ملک کی بے لوث خدمت کیلئے تحریک دے گا۔ اس عظیم شہید کو صرف ان کے یوم شہادت 23مارچ یا یوم پیدائش 28 ستمبر پر یاد نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہر لمحہ یاد کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلازہ ہماری نوجوان نسلوں کو عظیم شہید کے نقش قدم پر چلنے اور ملک کی خدمت کرنے کی ہمیشہ ترغیب دیتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پلازہ تمام سیاحوں کو اس عظیم شہید کی خدمات سے روشناس کروانے کیلئے رہنما ثابت ہوگا۔
مان نے کہا کہ ریاستی حکومت کی انتھک کوششوں سے موہالی ہوائی اڈے کا نام شہید بھگت سنگھ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں سے کسی نے بھی اس ایئرپورٹ کو عظیم شہدا کے نام سے منسوب کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن ان کی حکومت نے اسے اولین ترجیح دی۔