بیدر: محمدسلطان کی اطلاع کے بموجب شہر کی مختلف تنظیموں نے مل کر آج 31؍مئی کو نشہ مکت بیدر کے لئے قدیم شہر سے نئے شہر تک انسانی زنجیر کا مبینہ طورپر اہتمام کیا۔ جن میں پیش پیش پرجا پتا برہما کماری،کنڑا ساہتیہ پریشد اور شاہین ادارہ جات بیدر کے علاوہ ڈاکٹر گورماسداریڈی کاادارہ رہا۔ نشہ مکت بیدر کے لئے نکالی گئی ریلی اور انسانی زنجیر میں عام افراد، ہوم گارڈ، دینی تعلیم کے طلبہ اور عمومی تعلیم کے طلبہ وطالبات اور برقعہ پوش طالبات کے ساتھ نکالی گئی۔پرجاپتابرہماکماری کی بہنوں نے اپنے ادارہ کے جھنڈے اٹھارکھے تھے۔ طلبہ وطالبات نے جو بیانر اٹھائے ہوئے تھے اس پر لکھاتھا ’’عالمی انسداد تمباکو یوم 31؍مئی 2022‘‘، نشہ سے مکت بیدرکے لئے مہم ، تمباکو کا استعمال نہ کریں، کہہ دیں کہ تمباکو نہیں، سگریٹ (بیڑی وغیرہ) کااستعمال ختم کریں۔ پھیپھڑے اور زندگی بچائیں۔ بیانر اور پلے کارڈس پر ہندی کابکثرت استعمال دیکھنے کوملا۔ جناب بسواکمار پاٹل ایڈوکیٹ اور دیگر ریلی میں موجودتھے۔ انھوں نے سفید ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر تمباکو استعمال نہ کرنے کے دن کانعرہ درج تھا۔ ڈ اکٹر عبدالقدیرچیرمین شاہین ادارہ جات بیدر اور سریش چن شٹی صدرکنڑاساہتیہ پریشدبیدر اور دیگر نے انسانی زنجیر اور ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ مختلف نعرے لگاتے ہوئے عوام کو جگانے کاکام کیاجارہاتھا۔ واضح رہے کہ دیگر تنظیموں نے بھی شہر کے دیگر مقامات پر تمباکو کے خلاف احتجاج بلند کیا۔ خصوصاً ریلوے اسٹیشن بیدر پہنچ کر اپنااحتجاج درج کرایا۔