حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے کرنول بس حادثہ کے پس منظر میں کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے دہشت گرد ہیں اور سڑک پر ان کی حرکات دہشت گردوں کی طرح ہے۔ کرنول بس حادثہ کی تحقیقات میں پتہ چلا کہ کرنول کا نوجوان 28 سالہ شیوشنکر نے نشہ میں بائیک چلاکر خود حادثہ کا شکار ہوا اور اس کی موٹر سائیکل قومی شاہراہ 44 پر پڑی ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں بس حادثہ کا شکار ہوگئی اور 19 مسافرین ہلاک ہوگئے۔ کمشنر نے کہا کہ کرنول بس حادثہ کے ذمہ دار نوجوان شیوشنکر کی حرکت بھی ایک دہشت گردانہ ہے کیونکہ اس کی لاپرواہی اور نشہ میں گاڑی چلانے سے بس حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر بتایا کہ شیوشنکر کی لاپرواہی مجرمانہ حرکت ہے جس سے معصوم عوام جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے افراد دہشت گرد ہیں کیونکہ وہ دوسروں کی جان کو نقصان پہنچاکر کئی خاندانوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کریگی اور انہیں بخشا نہیں جائیگا۔ سجنار نے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف معاشرہ بھی سخت موقف اختیار کرنا چاہئے تاکہ معصوم لوگوں کی جان بچائی جاسکے۔ ب