حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گانجہ و نشیلی ادویات کے خلاف جاری ریاست گیر کارروائیوں کے دوران پرانے شہر میں نشیلی ادویات ایک الگ انداز میں سربراہ کی جارہی ہیں۔ جن میڈیکل شاپس پر بیماریوں سے شفاء کیلئے ادویات فروخت ہوتی تھیں اب ان دکانات پر نشیلی ادویات فروخت ہونے لگی ہیں۔ گزشتہ روز ٹاسک فورس نے دو میڈیکل دکانات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر نشیلی گولیوں کو ضبط کرلیا ۔ اب ان دکانات کو بند کردیا جائے گا ۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون اور ڈرگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مسلسل تلاشی جاری ہے۔ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس چکرورتی نے بتایا کہ نشیلی ادویات کو بغیر پراسپکٹس فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ع
انہوں نے بتایا کہ گانجہ اور گانجہ کے چاکلیٹ ، دیگر نشیلی اشیاء کو سماج میں کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹاسک فورس پولیس، ڈرگ کنٹرول عہدیداروں کے ساتھ کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دکان کو مہربند کرتے ہوئے لائسنس منسوخ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ایسی غیر سماجی سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچاتے ہوئے صحت مند سماج کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل ہالس کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا۔ع