نشیلی اشیاء برآمد ہونے پر جی جی حدید گرفتاری کے بعد رہا

   

نیویارک : فلسطینی نژاد امریکی ماڈل جی جی حدید کو نشہ آور اشیا برآمدگی کیس میں گرفتار کرلیا گیا بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ 28 سالہ جی جی حدید اپنی دوست کے ہمراہ 10 جولائی کو خانگی طیارے کے ذریعے اوون رابرٹس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں، اس دوران کسٹم حکام نے ان کے سامان کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ان کے سامان سے گانجا اور بھنگ برآمد ہوئی جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ گانجا اور بھنگ کی مقدار نسبتاً کم تھیں اور بظاہر ذاتی استعمال کیلئے تھیں۔جی جی حدید کے نمائندے رونڈے کولیٹا نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ ماڈل نے نیویارک کے شہر میں میڈیکل لائسنس پر قانونی طور پر بھنگ خریدی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ 2017 سے گرینڈ کیمن میں بھنگ کا طبی استعمال قانونی ہے، تاہم بھنگ کے ساتھ ملک کے اندر اور باہر سفر کرنا غیر قانونی ہے۔