جے پور، 3 نومبر (آئی اے این ایس) جے پور کے ہرمارا علاقے میں پیر کی دوپہر ایک خوفناک سڑک حادثے میں 12 افراد ہلاک اور10 سے زائد زخمی ہوئے، جب ایک تیز رفتار ڈمپر جو مبینہ طور پر نشے میں دھت ڈرائیور چلا رہا تھا، نے 17گاڑیوں کو روند ڈالا۔ حادثہ لوہا منڈی، وشوکرما انڈسٹریل ایریا کے قریب دوپہر ایک بجے پیش آیا، جب ڈمپر روڈ نمبر 14 سے ہائی وے کی سمت بڑھ رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر کی رفتار100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی جب وہ اچانک قابو سے باہر ہوگیا اور کاروں، موٹرسائیکلوں اور پیدل چلنے والوں کو ایک کے بعد ایک ٹکراتا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کئی لاشیں شناخت سے باہرہوگئیں، بازو اور پیر الگ ہوگئیں، جبکہ سڑک خون سے سرخ ہوگئی۔ گاڑیاں لوہے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق، ڈمپر خالی تھا اور تقریباً 300 میٹر تک گاڑیوں کو روندتا رہا، پھر جا کر رکا۔ مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا۔ پولیس کمشنر سچن مِتّل اور ایڈیشنل کمشنر راہل پرکاش سینئر افسران کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچے۔ کئی گھنٹوں تک ریسکیو آپریشن جاری رہا، کرینوں اور ایمبولینسوں کی مدد سے ملبہ ہٹایا گیا۔