ممبئی :نصرت بھروچا کی فلم ’’اکیلی‘‘ کا ٹیزر ریلیز ہوگیا ہے۔ اس کے مناظر سنسنی خیز ہیں۔ نصرت نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ’’اکیلی‘‘ ایک ایسی لڑکی کی دلخراش کہانی ہے جو اپنے خراب حالات سے نکلنے کیلئے آخری داؤ آزماتی ہے اور ایک خطرناک دنیا میں پھنس جاتی ہے۔ نصرت نے اس فلم میں اپنے کام کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس فلم میں کام کرنا ایک زبردست تجربہ رہا ہے۔ اب تک انہوں نے جو بھی کردار ادا کئے ہیں، ان سے اکیلی کا کردار بہت مختلف ہے۔ اس طرح کے کردار کو پیش کرنا ان کیلئے جذباتی طور پر پریشان کن تھا۔ یہ کردار آپ کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ یہ ان چیلنجز کے متعلق سوچنے پر مجبور کرتا ہے جو کوئی نوجوان اپنے خاندان اور عزیزوں کیلئے قبول کرتا ہے۔ میں امید کررہی ہوں ناظرین فلم کے میرے کردارکو پسند کریں گے۔ یہ فلم ان تمام مضبوط خواتین کیلئے ایک شناخت ہے جو بیک وقت کئی ذمہ داریاں بہادری سے نبھا رہی ہیں۔ یہ کہانی ہمارے دل کے قریب ہے۔مجھے یقین ہے کہ ناظرین اس فلم سے جڑسکیں گے۔پروڈیوسر نناد کہتے ہیں کہاکیلی ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو اپنے خاندان کی کفالت کیلئے جان لیوا فیصلے کرنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ یہ اس کی ہمت کو اجاگر کرتی ہے۔ ’’اکیلی‘‘ ایک ہندوستانی خاتون کے حوصلہ اور عزم کی شاندار اور امید افزا کہانی ہے۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ سامعین اس سے جڑ پائیں گے۔‘‘ یہ فلم اگست میں ریلیز ہوگی۔