کولکاتا ۔ 7 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک نامور عالم نے آج ٹی ایم سی رکن لوک سبھا نصرت جہاں پر شدید تنقید کی جنھوں نے درگا پوجا تقاریب میں شرکت کی ، اور کہاکہ مقبول بنگالی فلم ایکٹر کو اپنا نام اور مذہب بدل لینا چاہئے کیونکہ وہ اپنی حرکتوں کے ذریعہ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کررہی ہیں۔ نصرت پہلی مرتبہ بشیرہاٹ سے ایم پی منتخب ہوئی ہیں اور وہ تب سے ہی کٹر مسلم حلقوں میں تنقیدوں کا نشانہ ہیں جب اُنھوں نے شادی کی ہندو علامت منگل سوتر اور سندور کا استعمال کیا ۔ انھوں نے رواں سال کے اوائل ہندو تاجر نکھل جین سے شادی کے بعد سے اس طرح کا عمل شروع کیا ہے ۔ مفتی اسد قاسمی (دارالعلوم دیوبند ) نے نیوز چینلوں کو بتایا کہ یہ نئی بات نہیں ہے وہ ہندو دیوتاؤں کی پوجا کرتی آئی ہے جبکہ اسلام اﷲ کے سواء کسی اور کی پرستش سے سخت منع کرتا ہے ۔