متنازعہ بیانات دے کر سرخیوں میں رہنے والے راشٹریہ سوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنما اندریش کمار نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کی ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے قدآور اداکاروں نصیرالدین شاہ اور عامر خان کو غدار ملک قرار دیا ہے۔ حال میں سپریم کورٹ کے ججوں پر تنقید کرنے والے اندریش کمار نے ایک مرتبہ پھر ججوں کے خلاف بیان بازی کی۔
میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ نصیر الدین شاہ اور عامر خان بہترین اداکار تو ہو سکتے ہیں لیکن وہ قابل احترام نہیں ہیں کیونکہ وہ غدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں میر جعفر اور جے چند کی طرح ہیں۔ اندریش کمار نے مزید کہا، ’’ملک کو اجمل قصاب جیسے مسلم نوجوانوں کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سابق صدر اے پی جے عبد الکلام جیسی شخصیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصاب کے راستہ پر چلنے والوں کو صرف اور صرف غدار ہی کہا جا سکتا ہے۔‘‘
اندریش کمار نے ایودھیا کے بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازعہ پر بولتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے ججوں پر حملہ کیا۔ آر ایس ایس رہنما نے الزام عائد کیا کہ رام مندر تعمیر میں ہو رہی تاخیر کے لئے سپریم کورٹ کے جج ذمہ دار ہیں۔
اندریش کمار نے کہا، ’’رام مندر تعمیر میں تاخیر کے لئے بائیں بازو کی جماعتیں، فرقہ پرست مذہبی قوت اور کچھ جج ذمہ دار ہیں۔ میں سنتوں اور سادھؤوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لیفٹ پارٹیوں کے دفاتر اور ججوں کے گھروں کے سامنے دھرنے پر بیٹھیں، کیونکہ وہ اس معاملہ میں ہو رہی تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔‘‘
آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار اس سے پہلے بھی ایودھیا معاملہ پر ہو رہی تاخیر کے لئے سپریم کورٹ کے ججوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ انہوں نے نومبر 2018 کو کہا تھا ’’میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا کیونکہ 125 کروڑ ہندوستانی ان کا نام جانتے ہیں۔ تین ججوں کی بنچ نے معاملہ کو نکارا، لٹکایا اور بے عزت کیا۔‘‘