جمعہ کے دن بند ، طلبہ اور معذورین کے لیے داخلہ مفت ، نادر اشیاء کی نمائش
حیدرآباد۔ ایچ ای ایچ دی نظامس میوزیم عام تعطیلات کے موقع پر بھی کھلا رہے گا اور میوزیم صرف جمعہ کے دن بند رکھا جائے گا۔نظام ٹرسٹ کے زیر انتظام چلائے جانے والے اس میوزیم میںطلبہ اور معذورین کو مفت داخلہ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے ساتھ میوزیم کو تمام تعطیلات کے مواقع پر بھی کھلا رکھنے کا انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے۔آصف سابع نواب میر عثمان علی خان بہادرکی استعمال کردہ قیمتی نایاب و نادر اشیاء پر مشتمل پرانی حویلی میں موجود اس میوزیم کو لاک ڈاؤن کے دوران بند رکھے جانے کے بعد اب عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اوراس کے ساتھ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایچ ای ایچ دی نظامس میوزیم میں معذورین اور طلبہ کو مفت داخلہ فراہم کیا جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس میوزیم کے مشاہدہ کیلئے گذشتہ دنوں چینائی کے 24 معذورین کو مفت داخلہ دینے کے بعد اس بات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ اور معذورین کو میوزیم میں مفت داخلہ فراہم کیا جائے ۔میوزیم کے انتظامیہ کا کہناہے کہ ان کی خواہش ہے کہ طلبہ آصف جاہی جاہ و جلال سے واقف ہوں اور انہیں اس بات کا پتہ چلے کہ سلطنت آصفیہ کے دور حکومت میں حکمرانوں کا طرز زندگی کیسا رہا اور ان کا ماضی اور عظمت رفتہ کے متعلق نئی نسل کو واقف کروانے کا بہترین ذریعہ میوزیم ہی ہے اسی لئے نظام ٹرسٹ کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس میوزیم میں موجود قیمتی اشیاء جن میں سونے کا ٹفن جس پر ہیرے جڑے ہوئے ہیں ‘چاندی کے عطر دان ‘چاندی کے برتن اور دیگر قیمتی اشیاء کا مشاہدہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام کو کروایاجائے اور نئی نسل کو اس بات سے واقف کروایا جائے کہ ریاست دکن حیدرآباد کے فرمانروا نے کس شان و شوکت کے ساتھ زندگی بسر کی ہے۔نظامس میوزیم کی یہ خصوصیت ہے کہ اس میوزیم میں معظم جاہی مارکٹ‘اسمبلی کی قدیم عمارت ‘نظام ساگر ڈیم‘کے علاوہ دیگر مقامات کی تعمیر سے قبل تیار کردہ ماڈل بھی موجود ہیں اور اس میوزیم میں آصف جاہ نواب میر محبوب علی خان بہادر کی بھی کئی اہم نایاب و نادر اشیاء موجود ہیں جو کہ عوام کے مشاہدہ کے لئے رکھی گئی ہیں لیکن اس میوزیم کا مشاہدہ کرنے والوں کی بڑی تعداد بیرون ملک سے تعلق رکھنے والوں کی ہوتی ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں نئی نسل کو شہر کی تاریخ سے واقف کروایا جانا انتہائی ضروری ہے ۔