عمارت کے تعلق سے رپورٹ تیار کرنے بلدیہ حکام کا غور
حیدرآباد 19 ستمبر (سیاست نیوز) نظامیہ شفاء خانہ یونانی چارمینار کی عمارت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے اور اب بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے تاریخی عمارت کے استحکام کا جائزہ لینے اور رپورٹ تیاری کے اقدامات پر غور کیا جانے لگا ہے۔ شفاء خانہ یونانی چارمینار کی تاریخی عمارت کی حالت پر دواخانہ انتظامیہ و منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے متعدد مرتبہ محکمہ صحت بالخصوص آیوش حکام اور حکومت کو واقف کروایا جاچکا ہے اس کے باوجود اس عمارت کے تحفظ اور اس کی تزئین نو و مرمت کے کاموں کو نظر انداز کیاجاتا رہا ہے ۔تاریخی چارمینار کے دامن میں خوبصورت عمارتوں میں مکہ مسجد ‘ چارکمان اور شفاء خانہ یونانی چارمینار شامل ہے اور کئی برسوں سے عمارت کی حالت پر کئی رپورٹس شائع ہوچکی ہیں اور ارباب مجاز نے دورہ کرکے تیقنات دیئے تھے کہ حکومت سے عمارت کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیںگے ۔ عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی لیکن ان وعدوں کو وفا نہیں کیاگیا ۔حلقہ اسمبلی چارمینار میں ریاست کے واحد یونانی ہاسپٹل کی ناگفتہ بہ حالت کیلئے ذمہ دار کسے قرار دیا جائے اب دواخانہ انتظامیہ کو بھی یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی ہے کیونکہ منتخبہ ارکان اسمبلی نے اعلیٰ حکام کے ساتھ دورہ کرکے کئی اعلانات کئے تھے لیکن کسی بھی اعلان پر عمل نہیں ہواہے۔ اب جبکہ موسم باراں عروج پر ہے شفاء خانہ یونانی کی قدیم عمارت کی چھت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے اور نہ صرف دواخانہ انتظامیہ بلکہ ڈاکٹرس کی جانب سے بھی خدشات کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔چارمینار یونانی دواخانہ کی خوبصورت عمارت کی چھت اور دیواروں کو دیکھتے ہوئے ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس کی فوری مرمت اور تزئین کے ذریعہ مضبوط اور مستحکم بنایا جاسکتا ہے لیکن گذشتہ چند یوم کی بارش کے بعد بلدیہ حیدرآباد کی توجہ شفاء خانہ یونانی چارمینار کی جانب سے مبذول ہوئی اور وہ رپورٹ کی تیاری کا جائزہ لینے لگے ہیں تاکہ زیر علاج مریضوںکے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ذرائع کے مطابق چارمینار یونانی دواخانہ کی چھت پر جمع پانی اور درختوں پر بھی حکام کو توجہ دلائی گئی لیکن کوئی کاروائی نہ کئے جانے سے خطرات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔3