کاماریڈی: 4؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کاماریڈی نے ایک اہم کارروائی کے دوران شہر کے رہائشی علاقے میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے دھماکہ خیز مواد کی بھاری مقدار کو برآمد کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق فربلز اسکول کے عقب میں واقع کے پی آر کالونی میں واقع ایک اوپن پلاٹ میں دھماکہ کی کوشش کی مصدقہ اطلاع ملنے پرضلع ایس پی مسٹر ایم راجیش چندرا کی ہدایت اور اے ایس پی کاماریڈی کی خصوصی نگرانی میں انسپکٹر ٹاؤن کاماریڈی نے اپنی ٹیم کے ساتھ فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو اُس وقت حراست میں لیا جب وہ مذکورہ پلاٹ میں موجود چٹانوں کو دھماکہ خیز اشیاء کے ذریعے توڑنے کی تیاری میں مصروف تھے۔ انہوں نے ڈرلینگ کے ذریعے چٹانوں میں جلاٹن اسٹکس نصب کی تھیں جنہیں ڈیٹونیٹر اور کارڈیکس وائر کی مدد سے بیٹری کے ذریعے اڑانے کوشش کر رہے تھے۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ پلاٹ مالک شری شری دھر نے مذکورہ افراد کو بلا کسی سرکاری اجازت کے 50,000 روپے میں چٹانوں کو توڑنے کا کام دیا تھا، جس میں 5,000 روپے بطور پیشگی رقم ادا کیے گئے تھے۔ یہ پلاٹ رہائشی مکانات اور ایک اسکول کے درمیان واقع ہے جہاں اس طرح کی غیر قانونی سرگرمی نہ صرف قریبی مکینوں بلکہ اسکول کے بچوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔مزید معلومات پر یہ بات سامنے آئی کہ استعمال شدہ دھماکہ خیز مواد شری شری دھر کی ہدایت پر لنگاپور گاؤں کے مضافاتی علاقے میں واقع شریواری ایکو ٹاؤن شپ (ویبھوس ایلیٹ ٹاؤن شپ) سے لایا گیا تھا۔ پولیس نے وہاں موجود ریک کے شیڈ کی تلاشی کے دوران بغیر کسی اجازت کے بھاری مقدار میں جمع کیے گئے جلٹن اسٹکس، ڈیٹونیٹرس اور کارڈیکس وائر کو برآمد کرلیا۔پولیس نے جلیٹن اسٹکس 1564 عدد، ڈیٹونیٹرس 41 عدد،کارڈیکس وائر بنڈلس 16 (تقریباً 4300 میٹر)، ایک بیٹری، ایک چیک میٹر، دو بجاج پلاٹینا موٹر سائیکلیں،چار عدد موبائل فونز کو برآمد کیا گیا انہوں نے مزید بتایا کہ کس کیس میں بونتھ سمپت، پراڈا گاؤں، ضلع نلگنڈہ، حال مقیم سرینواس نگر کاماریڈی، بونتھ لکشمی نارائن پراڈا گاؤں، حال مقیم اشوک نگر، کاماریڈی، بونتھ راجو، کاماریڈی، چنتلا شری دھر، پی ایم ایچ کالونی، کاماریڈی گرفتار کیا گیا ہے۔اس کیس کی کامیابی پر ضلع ایس پی نے انسپکٹر ٹاؤن نراہری، سب انسپکٹر شری رام، اور کانسٹیبلس نریش، روی، وشنو ناتھ، انیل، ونئے، سمپت، اور نرسا ریڈی کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے عوام سے اپیل کی کہ بغیر اجازت کے کسی بھی مقام پر دھماکہ خیز مواد رکھنا، منتقل کرنا یا استعمال کرنا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ عوامی جان و مال کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔ اس ضمن میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔