بے قاعدگی پرسخت کاروائی کا انتباہ‘بچوں کے تحفظ کویقینی بنانے کے اقدامات: پولیس کمشنر
نظام آباد:31؍اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد شہر میں اسکول بسوں کی بے قاعدگیوں اور حالیہ دنوں میں پیش آئے حادثات کے پس منظر میں پولیس کمشنر مسٹر پی سائی چیتنیا کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے خصوصی جانچ مہم (اسپیشل ڈرائیو) شروع کی ہے۔ اس مہم کے دوران متعدد اسکولوں کی بسوں میں فٹنس، فرسٹ ایڈ باکس اور ڈرائیوروں کی اہلیت سے متعلق سنگین خامیاں منظرِ عام پر آئیں۔تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ٹریفک سیول پولیس نے ضلع بھر میں اسکول بسوں کی جانچ کرتے ہوئے کئی گاڑیوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونا، فرسٹ ایڈ باکس کی عدم موجودگی، ایمرجنسی ایگزٹ ڈور لاک کردے نے اور ڈرائیوروں کی جسمانی فٹنس میں کمی جیسے امور پائے گئے۔ اس دوران شہر کی ایک معروف خانگی تعلیمی ادارے کی بسوں میں بھی متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔اطلاعات کے مطابق ان خامیوں کی نشاندہی کے لیے جب ایک اے سی پی نے براہِ راست متعلقہ اسکول کے سربراہ سے ملاقات کی اور ضابطے کے مطابق اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی تو اُس تعلیمی ادارے کے مالک نے نہ صرف پولیس عہدیدار کی بات کو نظرانداز کیا بلکہ دھمکانے کے انداز میں کہا کہ‘‘ہماری بسیں ایسی ہی چلتی ہیں، آپ چاہیں تو جو کرنا ہے کر لیجیے مجھے کسی سے ڈر نہیں’’۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر جو حال ہی میں اے سی پی کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں غیر ضروری تصادم سے گریز کرتے ہوئے وہاں سے واپس آگئے جبکہ شہر میں دو دن قبل بھی ایک اسکول بس ڈرائیور کی غلطی سے حادثے کا شکار ہوئی تھی اور اس میں پانچ طلبہ بری طرح زخمی ہو گئے تھے اسکول بسوں میں موجودہ خامیوں کو دور کرنا اصل مقصد ہے اور اسی غرض سے پولیس، اسپیشل ڈرائیو شروع کیا ہے تاکہ بچوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ہر اسکول کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی بسوں کا باقاعدہ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے، فرسٹ ایڈ باکس رکھے اور ڈرائیوروں کی فٹنس کے ساتھ ان کی جانچ کروائے۔ پولیس کمشنر مسٹر پی سائی چیتنیا نے واضح کیا کہ اسکول انتظامیہ کی لاپرواہی کسی بھی حال میں برداشت نہیں کی جائے گی اور جو ادارے قانون کی خلاف ورزی کرتے پائے جائیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔