نظام آباد :17؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 99 مقدمات درج کئے گئے۔ یہ کارروائیاں نظام آباد، آرمور، بودھن ڈویژن اور ٹریفک پولیس اسٹیشن کے حدود میں تمام متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے اطراف انجام دی گئیں، جہاں 12؍ جنوری سے 17 ؍جنوری تک خصوصی وہیکل چیکنگ مہم چلائی گئی۔ پولیس کی جانب سے درج کیے گئے تمام 99 مقدمات میں ملوث افراد کو متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا گیا، جہاں عدالتوں نے مجموعی طور پر 5,80,000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس دوران عدالت نے تین افراد کو ایک ہفتے کی قید کی سزا بھی سنائی، جو نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کے سنگین نتائج کی واضح مثال ہے۔پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شراب نوشی کے بعد ہرگز گاڑی نہ چلائیں اور قانون کی پاسداری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وہیکل مالکان اپنی گاڑیوں سے متعلق ضروری دستاویزات ہمیشہ درست حالت میں اپنے پاس رکھیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
