نظام آبادمیں اے سی بی کی کاروائیوں سے سرکاری محکموں میں ہلچل

   

نظام آباد:19؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ضلع میں اے سی بی کی مسلسل کارروائیوں سے سرکاری محکموں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ گزشتہ چار دنوں سے مختلف سرکاری دفاتر میں بدعنوانی کے شبہات پر محکمہ انسدادِ رشوت ستانی کی جانب سے دھاوے مارے جارہے ہیں۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے ٹاؤن پلاننگ شعبہ میں اے سی بی نے اہم تلاشی مہم چلائی جس کے باعث کارپوریشن دفتر میں ہلچل دیکھی گئی۔ ٹاؤن پلاننگ شعبہ کارپوریشن کی حدود میں نہایت حساس اور کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم طویل عرصے سے یہاں کے بعض اہلکاروں پر غیرقانونی تعمیرات کو نظرانداز کرنے قواعد کی خلاف ورزی پر آنکھیں بند کر لینے اور بھاری رقومات حاصل کرنے کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔ مقامی حلقوں میں یہ شکایات بھی شدت سے گونج رہی تھیں کہ عمارتوں کی منظوری سے لے کر تعمیراتی مراحل تک رشوت ستانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی پس منظر میں اے سی بی کی تازہ کارروائی کو انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے، اگرچہ دھاوے کی مکمل تفصیلات بتانے سے عہدے دار گریز رہے ہیں۔ بدعنوان افسران میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ اے سی بی نے حالیہ دنوں میں نظام آباد ضلع میں ایک کے بعد ایک کارروائیاں انجام دی ہیں، جن میں آر ٹی اے آفس، 14 نومبر کو سب رجسٹرار آفس اور 18؍ نومبر کو محکمہ تعلیم کے دفتر کی تلاشی شامل ہے، جہاں سے متعدد فائلیں اور اہم دستاویزات ضبط کی گئی تھیں۔ اب کارپوریشن کے ٹاؤن پلاننگ سیکشن میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث رشوت خور عہدیدار خوف زدہ نظر آرہے ہیں ۔مسلسل کارروائیاں اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ اے سی بی نے ضلع میں بدعنوانی کے خلع قمع کے لیے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں سرکاری نظام میں خوف اور احتساب کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔