نظام آبادمیں بلدی انتخابات کا جائزہ

   

نظام آباد: 22؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدی انتخابات کے انتظامات کے تحت ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا تری پاٹھی نے ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع سرکاری پولی ٹیکنک کالج کا معائنہ کیا۔ آئندہ چند دنوں میں بلدی انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے پیش نظر نظام آباد میونسپل کارپوریشن سے متعلق ووٹوں کی گنتی، انتخابی سامان کی تقسیم اور بیلٹ باکسوں کی محفوظ نگہداشت کے لیے اس کالج میں قائم کیے جانے والے اسٹرونگ روم سمیت مختلف حصوں کا موقع پر جائزہ لیا گیا۔کلکٹر ایلا ترپاھٹی نے کالج میں دستیاب کمروں، ٹرانسپورٹ اور پارکنگ سہولیات کے علاوہ سکیورٹی کے انتظامات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار اور دیگر عہدیداروں سے ووٹوں کی گنتی اور انتخابی سامان کی تقسیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا کلکٹر ایلا تری پاٹھی نے ہدایت دی کہ بلدی انتخابات کے انعقاد کے عمل کو بلا کسی رکاوٹ اور شفاف انداز میں انجام دینے کے لیے تمام ضروری سہولیات بروقت فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہ رکھی جائے۔ معائنہ کے دوران متعلقہ محکموں کے عہدیداران بھی کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔