ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہرممکنہ جدوجہد‘ اساتذہ کی ایوارڈ تقریب سے خطاب
نظام آباد: 20؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر و رکن قانون ساز کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ضلع نظام آباد کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے وہ ہر ممکن جدوجہد کر رہے ہیں اور بہت جلد ہی نظام آباد میں زرعی کالج قائم کیا جائے گا۔ برنداون گارڈن میں ٹر اسما ضلع یونٹ کی جانب سے یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو ایوارڈ پیش کی اور اس تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے ضلع نظام آباد کے لیے انجینئرنگ کالج کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو اب تلنگانہ یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ کونسلنگ کے بعد کچھ نشستیں مخلوعہ رہ گئی ہیں جنہیں پر کرنے کے لیے خصوصی کونسلنگ منعقد کی جائے گی۔ مسٹرمہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نظام آباد میں انٹیگریٹڈ اسکولس کی منظوری دی گئی ہے اور شہر کے حدود میں مزید تعلیمی ادارے قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں ان کا کردار کلیدی ہے والدین اولاد کو جنم دیتے ہیں لیکن علم و شعور اساتذہ فراہم کرتے ہیں۔ اسی بنیاد پر ملک کی تعمیر ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ کھیلوں میں بھی دلچسپی دکھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کی یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے اور مستقبل میں کھیل کے میدان نہ رکھنے والے پرائیویٹ اسکولس کو اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ طلبہ جسمانی و ذہنی اعتبار سے مضبوط ہوںسکے ۔اس موقع پر ٹرااسما قائدین نے پرائیویٹ اسکولس کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے بجٹ اسکولس کے تحفظ، اساتذہ کو ہیلتھ کارڈس کی فراہمی اور ضلع میں تنظیمی عمارت کے قیام کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی جس پر مسٹر مہیش کمار گوڑ نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کروائی جائے گی۔ تقریب میں رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹردھن پال سوریا نا رائناکے علاوہ تلنگانہ اردو اکیڈمی چیئرمین طاہر بن حمدان، لائبریری چیرمین راج ریڈی، مارکیٹ کمیٹی چیرمین گنگا ریڈی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اشوک، ٹر ا اسما ضلع صدر نیتیا نندم، سیاسی و سماجی قائدین اس کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کثیر تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین کا گلپوشی کے ذریعہ استقبال کیا گیا جبکہ ضلع کے بہترین اساتذہ کو ایوارڈس سے نوازا گیا۔