نظام آبادمیں عدالتی وانتظامی سرگرمیوںکا جائزہ

   

Ferty9 Clinic

ہائی کورٹ جج ٹی مادھوی دیوی کا دورہ‘باراسوسی ایشن کے اجلاس میںشرکت
نظام آباد: 30 ؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہائی کورٹ جج اور ضلع انچارج ایڈمنسٹریٹو جج ٹی مادھوی دیوی نے نظام آباد کا دورہ کرتے ہوئے عدالتی و انتظامی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز پہنچیں جہاں پولیس ٹیم نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ضلع جج جی وی این بھرت لکشمی، کلکٹر وِنئے کرشنا ریڈی اور پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے باسر کے سرسوتی مندر میں درشن کیا اور واپس ضلع عدالت پہنچ کر نئے قائم کردہ ڈاکومنٹ اسکیننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مادھوی دیوی نے کہا کہ تمام عدالتی دستاویزات کی اسکیننگ مکمل ہونے کے بعد مقدمات کی سماعت کے دوران ضروری ریکارڈ تک رسائی زیادہ تیز، آسان اور شفاف ہوجائے گی۔ جس سے عدالتی کارروائیوں میں مؤثر بہتری متوقع ہے۔ بعد ازاں وہ بار اسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کی ۔اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بار اسوسی ایشن کے صدر سائی ریڈی نے عدالت میں پارکنگ کی قلت، سینئر سیول جج کے عہدہ کی مخلوعہ حیثیت سمیت دیگر مسائل سے جج کو واقف کرایا۔ ضلع جج جی وی این بھرت لکشمی نے کہا کہ ضلع عدالت میں اسکیننگ سنٹر کا قیام نہایت خوش آئند قدم ہے اور اس سے عدالتی انتظامیہ کو خاطر خواہ سہولت میسر آئے گی۔ ریاستی بار کونسل کے ارکان راجندر ریڈی اور کرپاکر ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان مضبوط تال میل عدالتی نظام کے لیے ضروری ہے اور نظام آباد کے وکلاء ہمیشہ اس تعاون میں پیش پیش رہیں گے۔ اس موقع پر منڈل بار اسوسی ایشن کے عہدیدار مائنک راجو، ایڈیشنل ضلع ججز سرینواس اور ہریش، سینئر سیول جج پی سائی سُدھا، جونیئر سیول جج گوپی کرشنا اور جوائنٹ سکریٹری جھانسی رانی بھی موجود تھے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جج جسٹس مادھوی دیوی کے ضلع دورے کے موقع پر ضلع کورٹ احاطہ میں ضلع وکلاء پریشد کے جگن موہن گوڑ نے ان کااستقبال کرتے ہوئے انہیں گل دستہ پیش کیا اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کے وکلاء کو درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی درخواست کی۔