نظام آباد: 21؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس قائدین نے دعویٰ کیا ہے کہ نظام آباد کو ایک ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کا کام صرف بی آر ایس کے دس سالہ دورِ حکومت میں ہی ممکن ہوا۔ نظام آباد میں واقع بی آر ایس پارٹی آفس میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن کے آر سریش ریڈی، سابق ار بن رکن اسمبلی بیگالہ گنیش گپتا، سابق رورل رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن اور دیگر قائدین نے کہا کہ شہر کی مجموعی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری سہولتوں کی فراہمی بی آر ایس حکومت کی واضح پہچان ہے۔سابق رورل رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن نے کہا کہ دس سالہ بی آر ایس حکومت کے دوران ہی نظام آباد میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج، منی ٹینک بند، جدید مارکیٹ، کلابھارتی، سڑکوں کی توسیع اور دیگر بڑے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں کانگریس اور بی جے پی حکومتیں کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی کام انجام نہیں دے سکیں اور اگر کوئی دعویٰ ہے تو عوام کے سامنے ثبوت پیش کیے جائیں۔ سابق ار بن رکن اسمبلی بیگالہ گنیش گپتا نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن پر گلابی پرچم لہرانا طے ہے۔ اجلاس میں سابق میئر دندو نیتو کرن، بی آر ایس سٹی صدر سرپا راجو، اقلیتی سل کے صدر نوید اقبال سابق نوڈا چیئرمین پربھاکر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔