نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے محمد علی شبیر کی امیدواری کو قطعیت

   

کاما ریڈی سے کے سی آر کے خلاف ریونت ریڈی کا مقابلہ، ٹکٹ کے دعویداروںکی دہلی طلبی
حیدرآباد ۔26۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے نظام آباد ضلع میں مسلم اقلیت کی قابل لحاظ آبادی والے اسمبلی حلقہ سے سینئر لیڈر و سابق وزیر محمد علی شبیر کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلان سے قبل پارٹی نے مذکورہ حلقہ نظام آباد اربن کے اہم دعویداروں کو طلب کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنے کی ترغیب دی ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے اپنی دعویداری پیش کی تھی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے مہیش کمار گوڑ کو نئی دہلی طلب کیا اور اسکریننگ کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں نظام آباد اربن سے محمد علی شبیر کو امیدوار بنانے کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی وینو گوپال نے کہا کہ کاما ریڈی سے چیف منسٹر کے سی آر کے مقابلہ کی صورت میں پارٹی کے سرکردہ مسلم چہرہ کو شکست سے بچانے کیلئے نظام آباد اربن میں امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس حلقہ میں مسلم رائے دہندوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار بتائی جاتی ہے ۔ مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی کے سبب محمد علی شبیر کی بی آر ایس کے مقابلہ کامیابی یقینی ہے ، لہذا کانگریس ہائی کمان نے دیگر دعویداروں کو حکومت کی تشکیل کے بعد مناسب عہدے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ کو تیقن دیا گیا کہ حکومت کی تشکیل کے بعد انہیں اہم سرکاری عہدہ دیا جائے گا۔ کے سی وینوگوپال نے مہیش کمار گوڑ کو نظام آباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے متحرک ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حلقہ کے ایک اور دعویدار طاہر بن حمدان نے ہائی کمان کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور محمد علی شبیر سے ملاقات کرتے ہوئے مکمل تائید کا بھروسہ دلایا۔ اسی دوران نظام آباد ضلع کی تمام اہم مسلم مذہبی اور سماجی تنظیموں میں محمد علی شبیر کی امیدواری کا خیرمقدم کیا ہے ۔ اس حلقہ میں اگر مسلمان متحدہ طور پر رائے دہی کریں تو یہ نشست مستقبل میں مسلم نمائندگی کی نشست میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف پارٹی اعلیٰ کمان نے کاما ریڈی اسمبلی حلقہ سے پارٹی صدر ریونت ریڈی کو کے سی آر کے خلاف میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی محبوب نگر کے کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے علاوہ کاما ریڈی سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ اطلاعات کے مطابق سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں بعض ارکان نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے خلاف پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو میدان میں اتارنے کی تجویز پیش کی لیکن اس بارے میں قطعی فیصلہ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی پر چھوڑ دیا گیا ۔