نظام آباد اربن میں آزاد امیدوار کی خود کشی ‘ انتخابات پر تجسس

   

حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) نظام آباد اربن کے آزاد امیدوار وائی کنہیا گوڑ کی خودکشی کے بعد حلقہ نظام آباد کیلئے انتخابات پر تجسس پیدا ہوچکا ہے۔ حلقہ نظام آباد اربن جہاں سے کنہیا گوڑ نے بحیثیت آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا، وہ آج اپنے مکان میں مردہ پائے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 36 سالہ نوجوان نے گھریلو مسائل سے تنگ آکر خودکشی کرلی لیکن اُن کی یہ خودکشی حلقہ کے اسمبلی انتخابات پر اثرانداز ہوسکتی ہے کیونکہ پرچہ نامزدگی قبول کئے جانے اور بحیثیت امیدوار فہرست میں شامل کئے جانے کے بعد موت انتخابات کو ملتوی کرنے کا سبب ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی معاشی مسائل کے علاوہ لون ایپ کی جانب سے قرض کی وصولی کیلئے ہراسانی سے پریشان تھا۔ انتخابی عملہ نے امیدوار کی خودکشی کے بعد الیکشن کمیشن سے رہنما خطوط کی اجرائی کی خواہش کی ہے۔